بورے والا میں تجاوزات مافیا کا راج برقرار،میونسپل کارپوریشن نے تجاوزات مافیا کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)شہر اور اہم شاہراہوں کے گرد بدترین تجاوزات نے شہریوں کی زندگیاں اجیرن بنا دیں،میونسپل کارپوریشن اور محکمہ ہائی وے نے تجاوزات مافیا کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے،سڑکوں کے اوپر دوکانیں سج گئیں،اہم شاہراہوں کے کناروں تک تجاوزات حادثات کا باعث بن گئیں،وزیر اعلیٰ پنجاب سے تجاوزات مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کا مطالبہ،تفصیلات کے مطابق میونسپل کارپوریشن اور محکمہ ہائی وے کی چشم پوشی اور غفلت کے باعث اندرون شہر تمام بازاروں،خصوصاََ گول چوک،ملتان روڈ،لاہور روڈ،چیچہ وطنی روڈ،چونگی نمبر 5 اور جنرل بس سٹینڈ پر دوکانوں کے باہر تجاوزات مافیا نے پنجے مضبوط کر لئے سڑکوں پر دوکانیں سجانے کے علاوہ ریہڑیاں آمدورفت کیلئے عذاب بن چکی ہیں قومی شاہراہوں کے دونوں جانب بااثر تجاوزات مافیا کی طرف سے بھاری سامان اور بورڈ نصب کر کے ٹریفک کیلئے بڑے مسائل پیدا کر دیئے ہیں گول چوک،ریل بازار،پرانی سبزی منڈی اور دیگر بازاروں میں تجاوزات مافیا سے مبینہ طور پر میونسپل کارپوریشن کا عملہ بھتہ وصول کر کے انکے خلاف کاروائی کی بجائے تحفظ فراہم کر رہا ہے اس بدترین صورتحال نے شہر کو بدصورت بنا دیا ہے مقامی شہری تنظیموں کے نمائندگان نے وزیر اعلیٰ پنجاب،کمشنر ملتان اور ڈی سی وہاڑی سے تجاوزات کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔