اسسٹنٹ کمشنر رانا اورنگزیب کے تبادلہ کے خلاف پٹواریوں نے ہڑتال کر دی

بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)اسسٹنٹ کمشنر بورے والا کے تبادلہ کے خلاف پٹواریوں نے ہڑتال کر دی،بورے والا بار کا بھی تبادلے پر اظہار مذمت،نمائندہ شہریوں نے بھی اسسٹنٹ کے تبادلہ کو قابل افسوس قرار دے دیا،تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر بورے والا کو ایک نجی سکول میں ”کورونا“ ایس او پیز کا جائزہ لینے دوران گارڈ کی بدتمیزی اور اسکے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد میڈیا پر انکے خلاف چلنے والی یکطرفہ خبروں پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے انہیں انکے عہدہ سے ہٹا دیا،اسسٹنٹ کمشنر کے خلاف اس یکطرفہ کاروائی پر انجمن پٹواریاں تحصیل بورے والا کی طرف سے قلم چھوڑ ہڑتال کا اعلان کر کے تمام پٹواریوں نے پٹوار خانہ میں احتجاجی دھرنا دے دیا انجمن پٹواریاں کے صدر چوہدری طاہر محمود اور جنرل سیکرٹری چوہدری فخرالدین نے کہا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر بورے والا کے خلاف الزامات کی شفاف انکوائری کروائے بغیر انکے خلاف جو یکطرفہ کاروائی کر کے انہیں تبدیل کیا گیا ہے وہ سراسر زیادتی ہے وہ ایک ایماندار اور باصلاحیت آفیسر ہیں انکو مافیاز کے خلاف کاروائیوں کی سزا نہ دی جائے بلکہ تمام حالات کی اعلیٰ سطحی غیر جانبدارانہ انکوائری کے بعد ذمہ دار کے خلاف ایکشن لیا جائے دوسری جانب بار ایسوسی ایشن کے صدر نوید احمد چیمہ،سیکرٹری بار کاشف مقبول جٹھول اور سابق صدر بار ملک فرقان یوسف کھوکھر نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس فیصلہ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ رانا اورنگزیب کی بورے والا میں انتظامی خدمات قابل ستائش ہیں انہوں نے حکومتی رٹ کو بلا امتیاز قائم کرنے کی کوشش کی ہے جبکہ شہر میں مختلف مافیاز کے خلاف انکی کاروائیوں پر طاقتور مافیا نے میڈیا کا سہارا لیکر انکا بے بنیاد میڈیا ٹرائل کر کے تصویر کا ایک رخ سامنے لایا گیا ہے حکومت اعلیٰ تحقیقاتی اداروں سے معاملے کی غیر جانبدارانہ انکوائری کروائے اور انکوائری رپورٹ آنے تک انہیں انکے عہدہ پر کام کرنے دیا جائے اسسٹنٹ کمشنر کے تبادلہ پر شہر کی مختلف سیاسی،سماجی،کاروباری تنظیموں اور سول سوسائٹی نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے تبادلے کے احکامات فی الفور واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے