احاطہ عدالت سے پیشی پر آیا سنگین مقدمات میں ملوث ملزم پولیس کی موجودگی میں فرار
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)احاطہ عدالت سے پیشی پر آیا سنگین مقدمات میں ملوث ملزم رانا ساجد پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں ہتھکڑی سمیت فرار ہو گیا،پولیس منہ تکتی رہ گئی،پولیس نے پیشی پر آئے دیگر ملزمان کو بخشی خانہ میں کھانا دینے پر پابندی لگا دی،ملزمان کے ورثاءکا پولیس کے خلاف احتجاج،تفصیلات کے مطابق بورے والا کے احاطہ کچہری میں واقع بخشی خانہ میں آج تھانہ گگومنڈی کے زناء،قتل اور غیر قانونی اسلحہ کے جرم میں ملوث ملزم رانا ساجد کو دیگر ملزمان کے ہمراہ پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں عدالت میں پیشی کیلئے لے جایا جا رہا تھا کہ ملزم ساجد پولیس کی آنکھوں میں دھول جھونک کر ہتھکڑی سمیت وہاں سے فرار ہو گیا پولیس تعاقب کرنے کے باوجود اسے گرفتار نہ کر سکی ملزم کی فراری کے اس واقعہ کے بعد پولیس نے بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر بخشی خانہ میں بند دیگر ملزمان کیلئے کھانا لیکر آنے والے انکے ورثاءکو کھانا دینے سے بھی روک دیا جس پر انہوں نے پولیس کے اس اقدام کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ہم صبح سے کھانا لیکر کھڑے ہیں لیکن پولیس کھانا نہیں دینے دے رہی اس واقعہ کے بعد پولیس حرکت میں آئی اور ملزم کی تلاش شروع کر دی۔