آئندہ بلدیاتی الیکشن میں پی ٹی آئی ورکرز کی مشاورت سے بہتر امیدوار سامنے لائیں گے۔نذیر جٹ
بورے والا(چوہدری اصغر علی جاوید سے)پی ٹی آئی کے راہنماء و سابق ایم این اے چوہدری نذیر احمد جٹ نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی اے پی سی کرپٹ اور سیاسی اپاہجوں کا ٹولہ ہے اپنے ذاتی مفادات اور کرپشن بچاﺅ پروگرام کے تحت قوم کو بے وقوف بنا رہے ہیں انکی ملک دشمنی ایف اے ٹی ایف بل کی مخالفت سے سب کے سامنے عیاں ہو چکی ہے،ملک دشمن ایجنڈے پر کام کرتے ہوئے اپوزیشن اس وقت ملکی سالمیت کیلئے خطرہ بن چکی ہے لیکن انکا مستقبل تاریک ہو چکا ہے،عمران خان ناصرف اپنے بقیہ تین سال بلکہ آئندہ پانچ سال بھی اس ملک پر حکمرانی کریں گے انہوں نے پوری دنیا میں اپنی صلاحیتوں کی بدولت پاکستان کے وقار میں اضافہ کیا ہے اور وہ ملک کو ترقی کی اس شاہراہ پر لے جا رہے ہیں جس پر ہماری آئندہ آنے والی نسلوں کا روشن مستقبل نظر آ رہا ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم بہت جلد بورے والا کا دورہ کریں گے اور وہ اپنے دورہ کے دوران میڈیکل سٹی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے علاوہ سیوریج اور واٹر سپلائی کے میگا پراجیکٹ،بوائز کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے سمیت متعدد بڑے منصوبوں کا اعلان کریں گے آئندہ بلدیاتی الیکشن میں پی ٹی آئی کے ورکرز سے ملکر موزوں اور عوام میں مقبولیت رکھنے والے امیدوار سامنے لائیں گے ضلعی اور میونسپل کارپوریشن کی تنظیم سمیت دیگر ذیلی تنظیموں میں ورکرز کو جگہ ملے گی اور پارٹی کو پہلے سے زیادہ منظم اور فعال بنائیں گے۔